جب تک میں نہ کہوں، نوجوان ایل او سی کی طرف نہ جائیں: وزیراعظم عمران خان

مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی سے موت کا خوف ختم ہوگیا، بھارت کچھ بھی کرلے، آزادی کے متوالوں کو شکست نہیں دے سکتا۔ جب تک میں نہ کہوں، نوجوان ایل او سی کی طرف نہ جائیں۔مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ دنیا بھر میں کشمیریوں کا سفیر بن کر جاؤں گا اور آر ایس ایس کی سوچ سے آگاہ کرونگا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ چالیس روز سے مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور خواتین کو گھروں میں قید کرکے رکھ دیا گیا ہے لیکن ان مظالم کے باوجود کشمیریوں میں موت کا ڈر ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی! تم کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکتے۔ صرف بزدل آدمی ایسا ظلم کرتا ہے جیسا کشمیر میں ہو رہا ہے۔ تم جتنا مرضی ظلم کرلو تم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ میں مودی اور بھارت کو کہنا چاہتا ہوں کہ میں ساری دنیا میں کشمیر کا سفیر بن کر جاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بچپن سے ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کا ممبر ہے، جس کے اندر مسلمانوں کیخلاف نفرت بھری ہوئی ہے۔ آر ایس ایس کے بانی ہٹلر کو اپنا رول ماڈل مانتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں